قطر کی حکومت نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں 50 لاکھ ڈالر کی لاگت سے مزید نئے منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ یہ منصوبے غزہ کی پٹی کے لیے قطر کی خصوصی کمیٹی کے زیرنگرانی مکمل کیے جائیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قطرکے تعاون سے غزہ میں نئے منصوبوں کی منظوری کے حوالے سے ایک مقامی ہوٹل میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں فلسطینی وزارتوں سے منسلک عہدیداروں، سول سوسائٹی اور دیگر سرکردہ شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے غزہ میں تعمیر نو کے لیے قائم کردہ قطری کمیٹی کے سربراہ سفیر محمد العمادی نے کہا کہ دوحہ غزہ میں 50 لاکھ ڈالر کی لاگت سے نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کررہا ہے۔ اس رقم سے غزہ کی پٹی میں روزمرہ بہبود کا ایک مرکزقائم کیا جائے گا جسے حمد بن جاسم سینٹر کا نام دیا گیا ہے۔ اس مرکز میں دماغی فالج کے شکار بچوں، خواتین اور مردوں کے علاج اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ الزھراء شہر میں قصرالعدم آڈیٹوریم قائم کیا جائے گا۔ شہر میں حمد بن خلیفہ آل ثانی اسکول اور ایک رہائشی اسکیم بھی شروع کی جائے گی۔ منصوبوں پر کام کے لیے غزہ کی 13 مقامی کمپنیوں سے تعاون لیا جائے گا۔ ان کمپنیوں نے بھی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔