جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کے لیے سلامتی کونسل میں جائیں گے: عرب لیگ

ہفتہ 19-مئی-2018

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا ہے کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کے خلاف منظم جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے اور ان جرائم کی تحقیقات کے لیے سلامتی کونسل سے تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس کے بعد سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کا نوٹس لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم پر ویٹو کیا تو ہم تحقیقات کے لیے جنرل اسمبلی میں جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عرب لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس میں بھی یہ طے پایا ہے کہ اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کے لیے سلامتی کونسل اور اس کے بعد جنرل اسمبلی سے رجوع کیا جائے گا۔

اس موقع پر سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ القدس کے بارے میں امریکی فیصلے کے رد عمل میں آنے والے دنوں میں تزویراتی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ناممکن ہے کہ سعودی عرب قضیہ فلسطین کے حوالے سے کوئی منفی کردار ادا کرے۔ سعودیہ نے ہمیشہ فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق کی حمایت کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

مختصر لنک:

کاپی