اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو’منافق‘ ادارہ قرار دیتے ہوئے اس کے بائیکاٹ کا خیر مقدم کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیتن یاھو کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے علاحدگی کا اعلان کرکے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ نیتن یاھو نے بھی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی فلسطینیوں پر مظالم پرآواز بلند کرنے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
نیتن یاھو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل غیر جانب داری کے بجائے جانب داری کا مظاہرہ کررہی ہے۔ امریکا کی جانب سے کونسل کا بائیکاٹ ایک صائب اور درست فیصلہ ہے۔ اسرائیل اس کا خیرم مقدم کرتا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل امریکا نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کا یہ کہہ کر بائیکاٹ کردیا تھا کہ کونسل انصاف کے تقاضوں پر پورا اترنے کے بجائے اسرائیل کی مخالفت اور فلسطینیوں کی حمایت کررہی ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نیکی ہیلی نے انسانی حقوق کونسل کو ’منافقوں‘ کا ٹولہ قرار دیا اور کونسل سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے بارے میں اپنی روش تبدیل کرے۔