اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور خصوصی مشیر جارڈ کوشنر مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران گذشتہ شام اسرائیل پہنچ گئے جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے ملاقات کی۔
عبرانی میڈیا کے مطابق جارڈ کوشنر نے نیتن یاھو سے ملاقات کے دوران ’صدی کی ڈیل‘ پر بات چیت کی اور غزہ کی پٹی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کی ویب سائیٹ کی رپورٹ کے مطابق جارڈ کوشنر اور نیتن یاھو کےدرمیان چار گھنٹے ملاقات جاری رہی۔ اس ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی جیسن گرین بیلٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ بات چیت میں فلسطین۔ اسرائیل مذاکرات کی بحالی کے امکانات اور امریکی امن اسکیم صدی کی ڈیل کے نفاذ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
قبل ازیں امریکی مندوبین نے اردن، مصر اور قطر کا دورہ کیا جہاں عرب ممالک کی قیادت سے بھی ’صدی کی ڈیل‘ پر بات چیت کی گئی۔
خیال رہے کہ امریکا اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان ’صدی کی ڈیل‘ نامی امن منصوبے کو نافذ کرنا چاہتا ہے۔ امریکی مندوبین کے مشرق وسطیٰ کے حالیہ دورے کا مقصد صدی کی ڈیل اسکیم کو روبہ عمل میں لانے کے عرب قیادت سے صلاح مشورہ کرنا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی قیادت امریکی حکومت کے امن منصوبے کو مسترد کرچکی ہے۔