ترکی میں اتوار کے روز ہونے والے پارلیمانی اور صدارتی انتخابات میں صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کی جماعت کی شاندار کامیابی پر فلسطین میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
فلسطینی رہمناؤں کی جانب سے طیب ایردوآن، ان کی جماعت’آق‘ اور ترک قوم کو اس شاندار کامیاب پر مبارک پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطین کی سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں قائم اسلامی تحریک کے نائب امیر اور عرب جماہیر کمیٹی کے چیئرمین الشیخ کمال الخطیب نے کہا کہ ہے ترک صدر رجب طیب ایردوان کی انتخابات میں شاندار کامیابی ان کی قبلہ اول کے دفاع کے لیے مساعی کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک صدر اور ان کی جماعت نے روز اول سے مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت اور قبلہ اول والقدس کے دفاع کے لیے آواز بلند کی۔ آج انہیں قدرت کی جانب سے اس عظیم خدمت کا صلہ دیا گیا ہے۔
الشیخ کمال الخطیب کا کہنا تھا کہ ترکی میں صدر طیب ایردواں اور ان کے حامیوں کی کامیابی فلسطینی قوم اور پوری مسلم امہ کی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پارلیمانی اور صدارتی انتخابات میں ترک قوم نے ماضی کی نسبت ایردوآن اور ان کی جماعت پر زیادہ اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ترک عوام کے ثابت کردیا ہے کہ ایردوآن ان کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور ان کے مقابلے میں وہ کسی دوسرے کو ملک کی زمام کار نہیں سونپنا چاہتے۔
الشیخ کمال الخطیب نے توقع ظاہر کی کہ ترکی نئے نظام اور نئی حکومت کے ساتھ بھی فلسطینی قوم کی حمایت اور القدس وقبلہ اول کے دفاع کی کوششیں جاری رکھے گی۔