پنج شنبه 06/فوریه/2025

غزہ کے زخموں کو مندمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے:ایردوآن

اتوار 19-جنوری-2025

انقرہ – مرکزاطلاعات فلسطین

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے زور دے کر کہا ہے کہ ان کا ملک جنگ بندی کی مدت کے دوران غزہ کی پٹی میں خون بہنے والے زخموں کو مندمل کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔

غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے ایردآن نے ہفتے کے روز جنوبی صوبے اضنہ میں اپنی جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے لیے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ قابض اسرائیلی حکام غزہ میں ہمارے بھائیوں کے درمیان مزاحمت کے جذبے کو توڑنے میں ناکام رہے ہیں۔ 467 دنوں کے دوران نسل کشی اور قتل عام کے باوجود فلسطینیوں کے جذبے زندہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ترکیہ کی حکومت، عوام اور ہماری جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کی طرف سے میں ایک بار پھر اپنے غزہ کے بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں”۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ قابض ریاست خاص طور پر بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے پاس جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ایک طویل ریکارڈ ہے. انہوں نے مزید کہا کہلیکن اس بار اسرائیل کو اس کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے”۔

ایردآن نے نشاندہی کی کہ ترکیہ فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکب افراد کا ایک ایک کر کے احتساب کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

قطری وزارت خارجہ نے کل ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی آج اتوار مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے شروع ہو جائے گی جب کہ امریکی سی این این نیٹ ورک نے اطلاع دی ہے کہ جنگ بندی کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے لیے مذاکرات کا آغاز معاہدے کے نفاذ سے 16ویں دن سے شرو ع ہوگا۔

نیتن یاہو کی حکومت نے غزہ میں قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے اور جنگ بندی کی منظوری دی اور اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ حکومت میں شامل 24 وزراء نے معاہدے کی حمایت کی جب کہ 8 وزراء نے اس کی مخالفت کی۔

مختصر لنک:

کاپی