قابض صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کو ایندھن کی سپلائی بند کیے جانے کے نتیجے میں غزہ میں گھروں میں استعمال ہونے والی گیس کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کے روز غزہ میں گھریلو گیس کے مراکز کی طرف سے صارفین کو بتایا گیا کہ ان کے پاس گیس کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے۔
دکانداروں کا کہنا تھا کہ غزہ کی تجارتی گذرگاہ کرم ابو سالم کے بند ہونے کے نتیجے میں ان کے پاس موجود گیس ختم ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے قابض صہیونی حکومت نے غزہ کی پٹی کو ایندھن کی سپلائی بند کردی تھی۔ صہیونی ریاست کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ایندھن کی سپلائی پر پابندی آئندہ اتوار تک رہے گی تاہم اگر غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد سے فلسطینیوں کی جانب سے گیسی غباروں کے حملوں کا سلسلہ جاری رہا پابندی میں نہ صرف توسیع کی جائے گی بلکہ غزہ کی پٹی پر جنگ بھی مسلط کی جاسکتی ہے۔