قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر بدھ کی شام وحشیانہ بمباری کرکے کم سے کم تین فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں کی فائرنگ میں ایک اسرائیلی فوجی افسرسمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق قابض فوج نے غزہ کی پٹی کے مشرق میں ملکہ کے مقام پر بم باری کی جس کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ شہید ہونے والوں کی شناخت 28 سالہ احمد منیر سلیمان البسوس، 29 سالہ عبادہ اسعد خضر فروانہ اور 27 سالہ محمد توفیق محمد العرعیر کے ناموں سے کی گئی ہے اورتینوں کا تعلق مشرقی الشجاعیہ کالونی سے ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں کےساتھ ساتھ توپ خانے سے بھی شدید گولہ باری کی۔ قابض فوج کی طرف سے غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے عسکری ونگ کے سات مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
قبل ازیں غزہ کی مشرقی سرحد پر فلسطینیوں کی فائرنگ سے متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ ان میں سے ایک کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔ زخمی اسرائیلی فوجیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔