غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے آنے والے بین الاقوامی امدادی قافلے کی لوٹ مار اور امدادی رضاکاروں کی گرفتاری پر ناروے میں اسرائیل کے خلاف عظیم الشان احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ اسرائیلی پابندیوں اور امدادی کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف نعرے درج تھے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ناروے میں انسانی حقوق کے مندوبین اور سماجی تنظیموں کی جانب سے غزہ کے ساحل سے عالمی امدادی جہازوں پر اسرائیلی فوج کی جانب سے شب خون مارنے کی شدید مذمت کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ امدادی کارکنوں کو حراست میں لینا اور غزہ کے محصورین کے لیے بھیجا امدادی سامان لوٹنا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کا محاصرہ توڑنے کے لیے آنے والے امدادی جہازوں پر شب خون مار کر انہیں لوٹ لیا اور درجنوں عالمی امدادی کارکنوں کو حراست میں لینے کے بعد اشدود بندرگاہ منتقل کردیا تھا۔
غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے آنے والے امدادی قافلے میں 15 ممالک کے مندوبین شامل تھے جنہیں صہیونی فوج نے حراست میں لے لیا تھا۔