جمعه 15/نوامبر/2024

عراق کے بصرہ شہر میں کرفیو کے باوجود احتجاج جاری

جمعرات 6-ستمبر-2018

عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں سکیورٹی فورسز نے سیکڑوں احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہ راست فائرنگ کردی ہے جس کے نتیجے میں چھے افراد ہلاک اور کم سے کم بیس زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے بھی پھینکے ہیں اور مظاہرین سے جھڑپوں میں بائیس سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ان میں بعض دستی بم کے دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں۔ بصرہ میں تشدد کے ان واقعات کے بعد حکومت نے کرفیو نافذ کردیا ہے۔

بصرہ کے دو مکینوں نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے سوموار کو روزگار اور بہتر شہری خدمات مہیا کرنے کے حق میں مظاہرہ کرنے والے افراد پر فائرنگ کردی تھی جس سے ایک چھبیس سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔ آج منگل کو صوبائی حکومت کے دفاتر کے سامنے اس مقتول کی نمازِ جنازہ ادا کی جارہی تھی ۔اس دوران میں بعض مظاہرین نے سکیورٹی فورسز کی جانب پتھراؤ شروع کردیا ۔اس کے جواب میں سکیورٹی اہلکاروں نے پہلے اشک آور گیس کے گولے پھینکے اور پھر فائرنگ شروع کردی جس سے چھے مظاہرین مارے گئے ہیں۔

احتجاجی ریلی کے دوران میں بعض مظاہرین نے عراق کی ایران کے ساتھ واقع بین الاقوامی سرحد بند کرنے اور ایران سے وابستہ بدعنوان سرکاری عہدے داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی ہے۔اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرین نے پہلے ایک سرکاری عمارت کا محاصرہ کیا ہے اور پھر اس کو آگ لگا دی ۔

عراق کے جنوبی شہروں میں جولائی سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ان کے علاوہ وسطی صوبوں میں بھی ہزاروں عراقی شہری بنیادی خدمات کی عدم دستیابی یا ان کے پست معیار پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی