اسرائیل کی فوجی عدالت”سالم” نے مفرور فلسطینی مجاھد اشراف نعالوۃ کی والدہ کی مدت حراست میں 24 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ 54 سالہ اسیرہ وفاء محمود عبدالرحمان مھداوی کو مفرور بیٹے کی روپوشی کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ان پر اس کے سوا اور کوئی الزام عاید نہیں کیا گیا۔
ادھر اسرائیلی ملٹری پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ جب تک وفاء مھداوی سے تفتیش مکمل نہیں کی جاتی اس وقت تک اسے رہا نہیں کیا جاسکتا۔
خیال رہے کہ اشرف نعالوۃ نے گذشتہ ہفتے سلفیت میں قائم ایک یہودی کالونی میں گھس کر فائرنگ کرکے دو یہودی آباد کاروں کوہلاک اور ایک کو زخمی کردیا تھا۔ حملہ آور بہ حفاظت فرار ہوگیا تھا۔ اسرائیلی فوج اس کی گرفتاری کے لیے دن رات چھاپے مار رہی ہے مگر اسے تا حال حراست میں نہیں لیا جاسکا ہے۔ قابض فوج نے اس کی والدہ اور کئی دوسرے اقارب کو حراست میں لے رکھا ہے۔