فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بم باری کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک فلسطینی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے بعد 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی دہشت گردی میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ 22 سال موسیٰ ایاد علی عبدالعال آج منگل کو علی الصباح اسپتال میں دم توڑ گیا۔ وہ سوموار کو مشرقی رفح میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ گولہ باری کے نتیجے میں زخمی ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے اتوار کی شام سے غزہ کی پٹی پرحملوں میں اب تک 12 فلسطینی شہید اور بیس کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔ قابض فوج کی وحشیانہ بم باری اور گولہ باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سوموار کے روز اسرائیلی فوج کی بمباری سے 4 فلسطینی شہید ہوگئے تھے جب کی اتوار کو قابض فوج نےغزہ میں گھس کر7 فلسطینیوں کو شہید اور 7کو زخمی کردیا تھا۔