موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں دنیا میں بعض مقامات پر موجود جزائر آہستہ آہستہ سمندر میں ڈوب رہے ہیں۔ انہی جزائر میں بھارتی جزیرہ "گورامارا” بھی آہستہ آہستہ سمندر میں ڈوب رہا ہے۔ اس سے بھی بڑی تشویش کی بات یہ ہے کہ اس میں رہنے والے باشندوں کے پاس نقل مکانی اور دوسرے مقامات پر آباد کاری کے لیے پیسے نہیں۔
جزیرے کے لوگوں نے "رائٹرز” کو بتایا کہ اس جزیرے کا رقبہ 6۔4 کلومیٹر ہے جو خلیج بنگال کے سونڈرابان ڈلٹا میں واقع ہے۔ پچھلے بیس سال کے دوران اس جزیرے کا رقبہ آدھا رہ گیا اور باقی آدھا سمندر میں ڈوب چکا ہے۔
جزیرے کی آبادی 4800 افراد پر مشتمل ہے جب کہ چند سال قبل یہ تعداد 7000 تھی۔
گائوں کے سربراہ سنجیپ سگار نے بتایا کہ جزیرہ کولکتا سے 150 کلو میٹر دور ہے۔ اگر ایک بار سونامی آتا یا سمندری طوفان اٹھتا ہے تو جزیرہ ڈوب جائے گا۔
خیال رہے کہ ڈلٹا سونڈرابان بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان منقسم ہے۔ اس میں انسانی آبادی کے ساتھ چیتے، ڈولفن مچھلیاں، اور نایاب پرندے بھی پائے جاتے ہیں۔