جمعه 13/دسامبر/2024

ایودھیا [بھارت] میں مسجد کی جگہ رام مندر کا افتتاح

پیر 22-جنوری-2024

بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے تاریخی شہر ایودھیا میں تین دہائیوں قبل منہدم کی گئی تاریخی بابری مسجد کی جگہ تعمیرکیے گئے رام مندر کا افتتاح آج پیر کے روز کردیا گیا۔

اس افتتاحی تقریب کے سلسلے میں ہونے والی پوجا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ  آرایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت اوراترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ ایک درجن سے زیادہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس پروگرام کو ٹی وی اورآن لائن پلیٹ فارموں پر براہ راست نشر کیا گیا۔ بعض سنیما گھروں میں بھی اسے براہ راست دکھانے کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ ہندو تنظیموں نے مختلف مقامات پر بڑی بڑی اسکرینیں بھی آویزاں کی تھیں۔

مرکزی حکومت نے تمام سرکاری دفاتر اور محکموں میں آدھے دن کی چھٹی کا اعلان کر رکھا تھا، بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں بھی اس اعلان پر عمل کیا جا رہا ہے۔ اترپردیش اور دہلی کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں آج چھٹی ہے۔

رام مندر ٹرسٹ نے اس تاریخی موقع پر ملک بھر سے تقریباً آٹھ ہزار افراد کو مدعو کیا تھا۔ ان میں 506 کو انتہائی اہم شخصیات کے زمرے میں رکھا گیا۔ اس فہرست میں بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن، سابق کرکٹر سچن تندولکر اور معروف صنعت کار مکیش امبانی اور گوتم اڈانی شامل ہیں۔

ان اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے جو رام مندر کی تحریک سے وابستہ رہیں۔ بالی وڈ اداکار انوپم کھیر، رن دیپ ہوڈا، مادھوری دکشت، ہیما مالنی، رنبیرکپور، عالیہ بھٹ، کترینہ کیف، کنگنا رناوت وغیرہ بھی اس افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔ متعدد فلم ہدایت کاروں اور پروڈویوسرز کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

جن کرکٹروں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں کپل دیو، سنیل گواسکر، مہندر سنگھ دھونی، سوربھ گنگولی، راہل دراوڑ، وریندر سہواگ شامل ہیں۔رام مندر کے حق میں فیصلہ سنانے والے سپریم کورٹ کے تمام پانچوں ججوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ متعدد سائنس دانوں، سابق سفارت کاروں، دانش وروں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

اپوزیشن کا بائیکاٹ

اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے اس تقریب میں شرکت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ کانگریس پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ تقریب "بی جے پی اور آرایس ایس کا پروگرام” ہے۔

مختصر لنک:

کاپی