اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ عزالدین شہید القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہاہے کہ جنگی قیدی بنائے گئے برطانوی نژاد اسرائیلی قیدی نداو بوبلا بیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا ہے۔ ندائو کو ایک ماہ قبل اسرائیلی فوج کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد کسی دوسرے مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔
ابو عبیدہ نے بتایا کہ قیدی بوبلابیل جس کی عمر 51 سال تھی قیدی "جوڈی فینسٹائن” کے ساتھ زخمی ہوا تھا اور اس کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔ دشمن کی طرف سے ہسپتالوں اور طبی سہولیات کی تباہی کی وجہ سے اس زخمی اسرائیلی کی طبی مدد نہیں کی جا سکی جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگیا۔
القسام بریگیڈز نے اس سے قبل صہیونی بمباری کے نتیجے میں بہت سے قابض قیدیوں کے مارے جانے کا اعلان کیا تھا۔