فلسطین میں قطر کے سفیر اور غزہ میں تعمیر نو کمیٹی کےچیئرمین محمد العمادی نے کہا ہے کہ قطری ماہرین کی ٹیم جلد ہی غزہ کی پٹی کا دورہ کرے گی تاکہ غزہ کے عوام کو درپیش توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ بجلی کی سپلائی لائن 161 کو فعال بنانے کے لیے اقدامات کئے جا سکیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق دوحہ میں ایک بیان میں قطری سفیر کا کہنا تھا کہ قطری ماہرین کی ٹیم عید الفطر کے بعد براہ راست غزہ کا دورہ کرے گی تاکہ اسرائیل سے بجلی کے حصول کے لیے بجلی لائن کو فعال اور آپریشنل حالات میں لایا جاسکے۔
مئی کے وسط میں محمد المعادی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کا ملک غزہ کی پٹی میں عوام کو درپیش توانائی کے بحران کے حل میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
انہوںنے مزید کہا کہ قطر غزہ کی پٹی میں توانائی کے حوالے سے بجلی لائن 161 کی بحالی کے لیے تکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم جلد ہی غزہ بھیجے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں توانائی کے بحران کے حل کی کوشش امیر قطر کی طرف سے فلسطینیوں کو دی جانے والی امداد کا حصہ ہے۔ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے فلسطینی قوم کے لیے 40 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی رقم کی منظوری دی تھی۔
ادھر غزہ میں فلسطینی تونائی بورڈ کے چیئرمین ظافر ملحم نے بتایا کہ سپلائی لائن 161 کی مرمت کا کام دن رات جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپلائی لائن کا اسرائیل کی طرف والا حصہ ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ یہ لائن مکمل ہونے سے غزہ کی پٹی میں بجلی کا بحران کافی حد تک حل جائے گا۔