سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے مسائل پر مسلم ممالک کی حکومتیں مصلحت کا شکار ہوسکتی ہیں لیکن عوام نہیں۔ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔
پارلیمنٹ ہائوس میں القدس پارلیمنٹ کے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان نے پہلے دن سے فلسطینیوں کی کھل کر حمایت کی ہے۔ مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں ممالک میں انتہاپسند برسراقتدار ہیں۔ اسرائیل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضہ میں معاونت کر رہا ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ترکی اور مصر کو آج ندامت ہورہی ہے۔
القدس پارلیمنٹ کے صدر حمید عبداللہ حسین نے کہا کہ صدی کی ڈیل کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔
حمید عبداللہ حسین نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے او آئی سی کے کردار پر بھی سوال اٹھایا اور القدس پارلیمنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کیلئے پاکستان کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان کی نامزدگی کا خیرمقدم کیا۔