اسپین میں پولیس نےایک 22 سالہ نوسرزباز کو حراست میں لیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے آن لائن شاپنگ کی مشہور عالم کمپنی’امازون’ کو تین لاکھ 70 ہزار ڈالر کا ٹیکہ لگایا۔
جیمزجیلبرٹ کوارٹنگ پر الزام ہے وہ انٹرنیٹ کے ذریعے امازون سے مختلف اشیاء منگواتا۔ پارسل وصل کرنے کے بعد ان میں موجود چیزیں نکالتا، ان کی جگہ مٹی ڈال کر پیکٹ کا وزن برابر کرتا اور اس کے بعد پارسل کو یہ لکھ کر واپس کردیتا کہ اس میں اس کی مطلوبہ چیز موجود نہیں۔ اس کے بعد امازون سے منگوائی اشیاء بازار میں فروخت کردیتا۔
اسپانوی اخبار کا کہنا ہے کہ امازون کی انتظامیہ واپس آنے والے پارسل کا صرف وزن چیک کرتی اور بغیر کسی تحقیق کے پارسل کو گودام میں بھیج دیا جاتا۔
یہ بھانڈا اس وقت پھوٹا جب واپس آنے والے ایک پارسل کو امازون کے اسٹور پرپہنچے ہی کھول کر چیک کیا گیا۔ ملازمین یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اس میں مٹی ڈالی گئی ہے۔ اس کے بعد 30 دن تک واپس آنے والے دیگر پارسل بھی کھول کر دیکھے گئے۔ ان میں کئی پارسل مٹی سے بھرے ہوئے تھے۔