شنبه 16/نوامبر/2024

غزہ میں مظاہرین پر اسرائیلی فائرنگ سے دو بچے شہید، دسیوں زخمی

ہفتہ 7-ستمبر-2019

قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعہ کی شام ایک احتجاجی ریلی کے شرکاء پر فائرنگ اور اندھا دھند آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق کہ قابض فوج نے مشرقی غزہ میں مظاہرین پر فائرنگ کی جس کےنتیجے میں دو فلسطینی 17 سالہ علی سامی علی الاشقر اور 14 سالہ خالد ابو بکر الربعی شہید اور 76 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ان میں سے 46 براہ راست فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں میں سے بعض کوتشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جمعہ کے روز غزہ میں مختلف مقامات پر حق واپسی ریلیاں نکالی گئیں۔ قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر گولیاں چلائیں اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے تھے۔

غزہ کے علاقے میں  30مارچ 2018ء سے جاری احتجاجی ریلیوں پراسرائیلی فائرنگ سے اب تک 237 فلسطینی شہید اور 31ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 500 زخمیوں کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔

مختصر لنک:

کاپی