یورپی پارلیمنٹ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد روکنے کے لیے پیش کی گئی تجویز کثرت رائے سے مسترد کردی۔ اس تجویز میں کہا گیا تھا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کی ذمہ دار ‘اونروا’ ریلیف اینڈ ورک ایجنسی کی امداد 2020ء سے بند کردی جائے۔
یورپی پارلیمنٹ کی کریسچین ڈیموکریٹک گروپ کی رکن آنا فوٹگا نے تجویز پیش کی تھی کہ یورپی ممالک سنہ 2020ء سے ‘اونروا’ کی 100 ملین یورو کی مالی امداد بند کردیں کیونکہ یہ رقم بد انتظامی کی نذر ہو رہی ہے۔
برسلز میں فلسطینی ہائی کمشن کے معاون عادل عطیہ نے فلسطین کے سرکاری ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہودی لابی اور امریکی حکومت کے زیراثر شخصیات کی طرف سے یورپی پارلیمنٹ پر فلسطینی پناہ گزینوں کو دی جانے والی امداد روکنے کے لیے دبائو ڈالا جا رہا ہے مگر یورپی پارلیمنٹ نے یہ تجویز مسترد کردی ہے۔