فلسطین کی قانون ساز کونسل کے اسپیکر ڈاکٹرعزیز دیویک نےکہا ہےکہ اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ انتخابات میں پوری تیاری کے ساتھ حصہ لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس ایک جمہوری اور آئین پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔ ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ کہتے ہیں کہ ہم نے تیاری ظاہر کی ہے مگر انتخابات میں شمولیت پرآمادی ظاہر نہیں کی۔ ایسا نہیں۔ حماس پارلیمانی اور صدارتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔
قطری سفیر العمادی سے ملاقات کی ایک ویڈیو میں عزیزدیویک نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو اپنی پسند کا تعین کرنے اور ان کے مکمل اور غیر منقسم حقوق کو برقرار رکھنے کا حق ہے۔
العمادی کو بتایا گیا کہ حماس فلسطینی کاز کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے انتخابات کے حق میں ہے۔دیویک نے کہا کہ ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی اتھارٹی شہری آزادیوں پر قدغنیں ختم کرے، گرفتار سیاسی کارکنوں کو رہا کیا جائے اور الائونس اور تنخواہوں سے محروم افراد کو ان کے معاشی حقوق فراہم کیے جائیں۔