یمن کی مزاحمتی تنظیم تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے سوموار کے روز ایک بیان میں صہیونی ریاست کو خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے یمن پرحملے کی حماقت کی تو اس پرکاری ضرب لگائی جائے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یمنی مزاحمتی رہ نما کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا تھا کہ ایران نے یمن میں اپنے اسمارٹ بن نصب کر رکھےہیں جن کا مقصد اسرائیل پرحملے میں استعمال کرنا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی طرف سے شام اور عراق میں ایرانی تنصیبات اور اسلحہ کے مراکز کی موجودگی کے دعوئوں کے بعد ملکوں میں تباہ کن فضائی حملے کیے جاتے رہے ہیں۔ اسرائیل اور اس کے بعض عرب اتحادی یمن کے حوثی گروپ کو ایرانی حمایت یافتہ قرار دیتے ہیں۔
حوثی لیڈر نے میلاد النبی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم اسرائیلی غاصب اور قابض ریاست کے حوالے سےاپنےموقف کا اعادہ کرتے ہیں۔ اسرائیل ایک جنگی مجرم ریاست ہے۔ اسرائیل کے حوالے سے ہمارا یہ موقف دینی، اخلاقی اور انسانی اصولوں پرمبنی ہے۔
عبدالملک الحوثی کا کہنا تھا کہ یمن قوم اس وقت بھی حالت جنگ میں ہے۔ اگر اسرائیل نے یمن پرحملے کی حماقت کی ہم قابض صہیونی ریاست کے خلاف اعلان جہاد کرنے میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کریں گے۔ ہم یمن کی سرزمین پرصہیونی دشمن کو کسی قسم کی جارحیت کی اجازت نہیں دیں گے اگر اسرائیل نے کسی قسم کی حماقت کی تو دشمن پرکاری ضرب لگائیں گے۔