فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی فلسطینی تنظیموں کے زیراہتمام ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کی یاد میں ایک تعزیتی کیمپ لگایا گیا جس میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ ، اسلامی جہاد اور دیگر فلسطینی رہ نمائوں اور تنظیموں کےارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شہید قاسم سلیمانی کے تصاویرغزہ شہر میں نامعلوم سپاہی کے لیے قائم کردہ یادگار پارک میں واقع جنازہ گاہ میں رکھی گئیں۔ اس تعزیتی کیمپ میں مختلف فلسطینی دھڑوں کے رہ نماؤں نے شرکت کی۔ اس موقعے پر سلیمانی کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔
جمعہ کے روز حماس نے ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈ کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو ‘شہید’ قرا ردیتے ہوئے امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
جمعہ کی صبح امریکی فوج نے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب فضائی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور الحشد ملیشیا کے سربراہ ابومہدی المہندس سمیت کئی دوسرے جنگجوکمانڈروں کو ہلاک کردیا تھا۔ حماس نے اس واقعے کو امریکی کی ننگی جارحیت اور منظم دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے اس وحشیانہ فعل سے خطے میں جاری تنازعات مزید گھمبیر شکل اختیار کرسکتے ہیں۔ اس طرح کے واقعات کے تمام تر مضمرات کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔