اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق کی قیادت میں جماعت کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے کل منگل کے روز بیروت میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاری جانی سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں علی لاری جانی سے ملاقات کرنےوالے حماس کے وفد میں سیاسی شعبے کے دیگر ارکان حسام بدران، ماہر عبید، تہران میں حماس کے مندوب خالد القدومی اور لبنان میں حماس کے مندوب احمد عبدالھادی بھی موجود تھے۔
حماس کے وفد اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاری جانی کے درمیان ہونے والی بات چیت میں خطےکی صورت حال، فلسطین کے حوالے سے امریکا کے نئے سازشی منصوبے’سنچری ڈیل’ اسے ناکام بنانے کے لیے مختلف فورمز پر ہونے والی مساعی اور حماس اور ایران کےدرمیان دو طرفہ تعلقات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
حماس کے وفد نے علی لاری جانی کو فلسطین کی موجودہ صورت حال، اسرائیلی ریاستی دہشت گردی، فلسطینی تنظیموں کی طرف سے سنچری ڈیل کے خلاف اختیار کردہ موقف سے آگاہ کیا۔ حماس کی قیادت نے باور کرایا کہ ان کی جماعت پورے فلسطین کی آزادی اور اس پر مکمل آزاد اور خود مختار ریاست کےقیام تک جدو جہد جاری رکھے گی۔
اس موقعے پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاری جانی نے صدی کی ڈیل کے خلاف ایران کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایران فلسطینی قوم کی تحریک آزادی اور مزاحمت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔