اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کرونا وائرس کی وباء کی روک تھام کی طرف کامیابی سے پیش رفت کررہا ہے۔ ایران میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں اور نئے کیسز میں غیرمسبوق کمی دیکھی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایران میں حکومت کی طرف سے قائم کردہ انسداد کرونا کمیشن کے اجلاس سے خطاب میں صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران جلد ہی اس خوفناک وباء پرقابو پالے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں میں بڑی تعداد میں کرونا کے مریض شفا یاب ہو رہے ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد میں کمی آئی ہے اور نئے کیسز بھی کم سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں پر محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پرعمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ بعض قیدیوں کو 19 اپریل تک رہا کیا جائےگا۔
قبل ازیں ایرانی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 934 نئے کیسز سامنے آئے اور 122 افراد ہلاک ہوئے۔ ایران میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 24 ہزار 811 ہوگئی ہے۔