اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ غرب اردن کے اسرائیل سے”الحاق” کے پروگرام کے خلاف فلسطینی قوم کے پاس تمام آپشن کھلے ہیں۔
مرکزاطلاعت فلسطین کے مطابق عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا کہ غرب اردن کے الحاق کے اسرائیلی ۔ امریکی صہیونی منصوبے کے خلاف فلسطینی قوم کو ہرمحاذ پرلڑنا ہوگا۔ یہ ایک تفصیلی جنگ ہے جس کے لیے پوری فلسطینی قوم اور تمام طبقات کو مل کر اس میں حصہ لینا ہوگا۔
الرشق کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس کے سوا اور کوئی آپشن نہیں کہ فلسطینی الحاق کے اسرائیلی پروگرام کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کریں۔
انہوں نے کہا کہ الحاق کا اسرائیلی منصوبہ نیا نہیں بلکہ اس پر اس وقت عمل درآمد شروع ہوگیا تھا جب اسرائیل نے فلسطینی سرزمین پر پہلے یہودی کالونی قائم کی تھی۔ فلسطینیوں کو جبری بے دخل کیا گیا۔
عزت الرشق نے کہا کہ صہیونی دشمن اور اس کے حواری ملک فلسطینی اراضی کو اسرائیلی قابض دشمن کے لیے حلال کرنا چاہتے ہیں۔ کرونا کی عالمی وبا، امریکا کی اسرائیل کی طرف داری اور عرب ممالک کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا قیام سے فائدہ اٹھا کر اسرائیل فلسطینی علاقوں کو ضم کرنا چاہتا ہے۔