اسرائیلی جیل میں قید ایک 49 سالہ فلسطینی ماھر عبداللطیف الاخرس نے مسلسل 9 دن سے ظالمانہ گرفتاری کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیر ماھر الاخرس غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے نواحی علاقے سیلہ الظھر سے تعلق رکھتے ہیں۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کے مطابق اسیر الاخرس اس وقت عوفر جیل میں قید ہیں۔ انہیں گذشتہ سوموار کو حراست میں لیا گیا تھا۔ گرفتاری کے وقت انہیں ان کے گھر میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گھر میں تلاشی کی آڑ میں لوٹ مار اور توڑپھوڑ بھی کی گئی تھی۔
گرفتاری کے بعد ماہرالاخرس کو صہیونی فوج نے عوفر فوجی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے انہیں تفتیش کے لیے چھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی ہے۔
ادھر شہریوں کی بڑی تعداد نے سیلہ الظھر میں واقع ماہر الاخرس کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسیر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اسیر الاخرس نے گرفتاری کے بعد بلا جواز گرفتاری کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کردی تھی۔