اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اپنے دورہ لبنان کے موقعے پر فلسطینی اور لبنانی رہ نمائوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے بیروت میں اسلامی جہاد اور جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین کے رہ نمائوں سے ملاقات کی۔
حماس کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے وفد نے جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین کے رہ نما فہد سلیمان کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل زیاد نخالہ نے بھی اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔
ان رہ نمائوں سے ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتحال، عالمی اور علاقائی سطح پر قضیہ فلسطین کے خلاف سازشوں اور امارات کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اقدام اور اس کے مضمرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ اسماعیل ھنیہ منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ بیروت پہنچے تھے جہاں انہوں نے کل بدھ کے روز لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ملاقات کی۔ وہ اپنے دورہ بیروت کے دوران قائم مقام وزیراعظم حسان دیاب اور سابق وزیراعظم سعدالدین الحریری سے بھی ملاقات کریں گے۔