اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی سازش کو مسترد کردیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ امریکا کی سرپرستی میں اسرائیل کو تسلیم کرنے والے اماراتی اور بحرینی حکمران غدار اور خائن ہیں۔ انہوںنے فلسطینی قوم اور القدس کے ساتھ غداری اور خیانت کی ہے۔ تاریخ ان کے اس جرم کو معاف نہیں کرے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدوں کی منظوری دشمن کی صفوںمیں شامل ہو کر فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کو دبانے میں ان کی مدد کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس بحرین اور امارات کے حکمرانوں کو خائن سمجھتی ہے۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے ساتھ غداری اور بدعہدی کا ارتکاب کیا ہے۔ وہ امن امن کا ڈھنڈروا پیٹتے ہیں مگر دراصل وہ ایک امن دشمن قوت کے آلہ کار بن رہے ہیں۔