فرانس میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف لبنان کے فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے اور جلوس نکالے گئے۔ ان جلوسوں میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی پناہ گزینوں اور مقامی لبنانی شہریوںنے شرکت کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کے شمال میں واقع البداوی پناہ گزین کیمپ میں ہزاروں افراد نے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر فرانسیسی حکومت اور گستاخ انسان دشمن عناصر کے خلاف جلوس نکالا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر نبی پاک کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دینے کے مطالبات اور فرانس کے خلاف نعرے درج تھے۔
پناہ گزین کیمپ کی فضا توہین آمیز خاکوں کے خلاف نعروں اور لبیک رسول اللہ اور لبیک حبیب اللہ کے نعروں سے گونج رہی تھی۔
اس موقعے پر خطاب میں مقررین نے فرانسیسی حکومت کو توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی ذمہ دار قراردیتے ہوئے فرانس کا معاشی، سیاسی اور سفارتی بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ حالیہ ایام میں فرانس کے اخبارات میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف بڑی تعداد میں پیرس کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ کئی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی کیا جا رہا ہے۔