جمعه 15/نوامبر/2024

فضل الرحمان کی شہید اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ سے قطر میں ملاقات

ہفتہ 3-اگست-2024

پاکستان کی سرکردہ دینی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ  فضل الرحمان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنماؤں اور شہید اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں۔

فضل الرحمان جدہ سے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے۔ فضل الرحمان نے دوحہ میں فلسطین اور حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وفد کے ہمراہ حماس رہنما خالد مشعل سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کی عوام کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کی، شہدا غزہ کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے فلسطین کی جدوجہد آزادی کو تقویت ملے گی، مسجد اقصیٰ کو صیہونی غاصبوں سے آزاد کرنا مسلمانوں پر فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، جے یو آئی اور پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ساتھ کھڑی ہے۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے شہید اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔  وفد کے ساتھ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے شہید اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے شہید اسماعیل ہنیہ کی نمازجنازہ میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے حماس کی قیادت اور شہید اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں سے ملاقاتیں کیں تھیں۔ ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں مولانا فضل الرحمان نے دوحہ میں اسماعیل ہنیہ شہید سے ملاقات کی تھی اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی