حماس کے سیاسی امور کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں منظم ہلاکتیں اسرائیلی غاصب ریاست کے لیے تباہی ثابت ہوں گی۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ بین الاقوامی اور علاقائی مداخلتیں فلسطینی عوام کی انقلابی لہر کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔
آج (پیر کے روز) ایک بیان میں، ہنیہ نے اریحا کے عقبہ جبر پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی قتلِ عام کی مذمت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطینی عوام اپنے شہداء کا بدلہ لیں گے اور قابض ریاست کو سکون نصیب نہیں ہو گا۔
حماس کے رہنما نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حماس کے القسام بریگیڈ اور دیگر دھڑوں کے مزاحمتی جنگجو قابض ریاست کے خلاف اس وقت تک کارروائیاں جاری رکھیں گے جب تک کہ اسے ان کی سرزمین سے نکال باہر نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے مزید کہا: "عقبہ جبر کے ہیروز بہادری سے لڑے یہاں تک کہ وہ اپنی سرزمین اور مقدس مقامات کے دفاع میں شہید ہو گئے۔”
یاد رہے، عقبہ جبر کیمپ میں اسرائیلی قابض فوج کے ساتھ مسلح جھڑپوں میں آج صبح کے وقت سات مزاحمتی جنگجو شہید کر دیے گئے۔ چھاپوں کے دوران متعدد شہری زخمی اور گرفتار بھی ہوئے۔