حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اردن کی سر کردہ قبائلی شخصیت شیخ طراد الفائز کی طرف سے فلسطینی کاز کی حمایت کا اعادہ کرنے پران کی تحسین کی ہے۔ اسماعیل ہنیہ نے اس سلسلے میں شیخ طراد الفائز کو فون کیا اور ان کی طرف سے فلسطینیوں کی حمایت میں موقف پر شکریہ ادا کیا۔
حماس رہنما کے دفتر کے مطابق ‘اسماعیل ہنیہ نے اس امر بھی زور دے کر کہا کہ اردن کے عوام اور ان کی قیادت کو بھی فلسطینی عوام کی آزادی کے لیے اپنا موقف سامنے لاتے رہنا چاہیے۔ ‘
حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ نے کہا ‘فلسطینی عوام عہدوں پر فائز ایسی شخصیات پر فخر کرتے ہیں جو عرب اور اسلامی شرافت کا مظہر ہیں اور فلسطینیوں کی ہر موقع پر حمایت کرتے ہیں۔
اس موقع پر شیخ طراد الفائز نے اسماعیل ہنیہ کی طرف سے فون کیے جانے کا شکریہ ادا کیا اور کہا ‘فلسطینی کاز اور جدوجہد کی حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک فلسطین کی آزادی کی منزل حاصل نہیں کر لی جاتی۔ ‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ‘اسرائیلی ناجائز قبضہ ختم ہو گا اور تمام فلسطینی عوام واپس اپنی سرزمین ، علاقوں اور گھروں میں واپس آئیں گے۔ ‘
شیخ طراد الفائز نے ‘ غزہ کے رہنے والوں کی مزاحمتی تاریخ اور فلسطینیوں کی جدوجہد کی تحسین کرتے ہوئے کہا اردن کے عوام اسے بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ‘ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ‘فلسطینیوں کی آزادی کے لیے پہلا اقدام اردن کی طرف سے ہو گا۔’
واضح رہے شیخ طراد الفائز نے حالیہ دنوں ایک تقریب کے دوران اردنی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ حماس کے ساتھ اپنے تعلقات درست کرے اور فلسطینی آزاد کے لیے اقدامات کرے۔