اسرائیلی قابض فوج نے بدھ کے روز ایک مرتبہ پھر فلسطینی کسانوں اور ماہی گیروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔ قابض فوجیوں کی طرف سے نہتے شہریوں پر بلا جواز فائرنگ کے یہ واقعات غزہ کی پٹی کے ساتھ جڑے مختلف علاقوں میں پیش آئے ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے قابض اسرائیلی وج نے خان یونس کے مشرق میں قائم کیے گئے اپنے واچ ٹاورز سے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے پھینکے۔ یہ سلسلہ اندھا دھند انداز میں چلتا رہا اور نشانہ فلسطینی کسانوں کو بنایا جاتا رہا تاکہ وہ اپنے کھیتوں اور کھلیانوں کو خالی کر دیں اور یہ علاقہ چھوڑ کر چلے جائیں۔
اسرائیلی قابض فوج فلسطینیوں کی اس زرعی اراضی پر ایک عرصے سے قبضے کی کوشش میں ہے ۔ اسی وجہ سے آئے روز کسانوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ وہ مجبورا زمین چھوڑ دیں اور اسارئیلی قابض فوج اسے قبضے میں لے لے۔
اسی طرح کا فائرنگ کا ایک اور واقعہ فلسطینی ماہی گیروں کے خلاف پیش آیا ۔ جہاں اسرائیلی بحریہ کی گن بوٹس پر نصب مشین گنوں سے مااہی گیروں پر فائرنگ کی گئی۔ ماہی گیروں کی کشتیوں پر فائرنگ غزہ کے شمال میں کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم کہیں سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔