حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے فلسطین اسلامک جہاد موومنٹ کے سیکرٹری جنرل زیاد نخالہ کو فون کر کے غزہ پر حالیہ اسرائیلی حملے کے بارے میں باہم تبادلہ خیال کیا ہے۔ حماس سربراہ نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اپنی جنگی یلغار اور بمباری کے باجود فلسطینی عوام کے حوصلے اور عزم آزادی کو کمزور نہیں کر سکا ہے۔
دونوں فلسطینی رہنماوں نے باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ نیز اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ ہمیں مزاحمت کے میدان میں متحد ہو کر ہی آگے بڑھا جائے گا۔ دونوں فلسطینی قائدین نے اس موقع پر فلسطینی عوام کی استقامت اور مزاحمتی جذبے کی تعریف کی۔ جو انہوں نے اسرائیلی قابض فوج کی جنگی جارحیت کے دوران دکھایا۔
فون کال کے دوران اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں گروپوں کی قیادت کی مشترکہ میٹنگ بلائی جائے گی جس میں سیاسی پیش رفت کے علاوہ فلسطینیوں کی مزاحمت کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ تعاون کو بڑھانے کے نکات پر غور ہو سکے۔