اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے مسئلہ فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کی مخالفت کے لئے الجزائر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے الجزائری حکام اور عوام کی تحسین کی ہے۔
یہ بات حماس کی پولٹ بیورو کے رکن سامی ابو زھری کی زیر قیادت الجزائر میں ملاقاتوں میں مصروف وفد کی جانب سے سامنے آئی ہے۔
حماس کی آفیشل ویب سائٹ کےمطابق حماس کے وفد نے الجزائر کے ایوان زیریں "پیپلز نیشنل اسمبلی”کے عہدیداران اور قومی رہنمائوں سمیت نیشنل کونسل برائے انسانی حقوق،نیشنل لبریشن فرنٹ، نیشنل ڈیموکریٹک اسمبلی، فیوچر فرنٹ پارٹی، تحریک برائے امن اور مسلم امہ ایسوسی ایشن الجزائر کے رہنمائوں سے ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں کے دوران حماس نے الجزائری صدر عبدالماجد تبون کی جانب سے فلسطینی حلقوں کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔
وفد نے الجزائری عہدیداران اور قومی رہنمائوں کو فلسطین میں ہونے والے حالیہ واقعات بالخصوص بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں ہونے والی کشیدگی سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ الجزائری حکام کو غزہ کے مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا