جمعه 15/نوامبر/2024

اسیر رہ نما مروان البرغوثی کی اہلیہ کی اسماعیل ھنیہ سے ملاقات

ہفتہ 9-اکتوبر-2021

اسرائیلی جیل میں قید تحریک فتح کے سرکردہ رہ نما مروان البرغوثی کی اہلیہ فدویٰ البرغوثی نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور جماعت کی دوسری قیادت سے ملاقات کی۔

حماس کی آفیشل ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کی قیادت اور فدویٰ البرغوثی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ دونوں رہ نماؤں نے قضیہ فلسطین کو درپیش چیلنجز، فلسطینی دھڑوں میں مفاہمت اور مصالحت کی کوششوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہ نماؤں نے اس بات پراتفاق کیا کہ فلسطینی قوم کو اس وقت اتحاد اور مفاہمت کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

اس موقعے پرحماس کے قاید اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ اسرائیلی دشمن کی قید میں فلسطینی بہن بھائیوں کی رہائی حماس کی گردوں پر امانت ہے اور حماس نے اسیران کے معاملے کو ہمیشہ پہلی ترجیح دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حماس اپنے اسیر بھائیوں کی رہائی کے لیے ہرقیمت ادا کرنے کو تیار ہے۔

اسماعیل ھنیہ نے مروان البرغوثی کی اہلیہ کو ان کے خاندان کی قوم کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

خیال رہے کہ مروان البرغوثی کا تعلق غرب اردن کے نواحی علاقے رام اللہ البیرہ سے ہے۔ وہ 15اپریل 2002ء سے اسرائیلی جیل میں قید ہیں اور وہ پہلے فلسطینی ہیں جو جیل میں رہتے ہوئے فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ مروان البرغوثی تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن ہیں اور انہیں پانچ بار عمر قید اور 40 سال اضافی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی