شام کی سرکاری نیوز ایجنسی ’سانا‘ کے مطابق فضائی دفاع نے لبنان کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے شام میں متعدد مقامات پر حملے کی اسرائیلی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
دوسری طرف شام میں سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی طیاروں نے فضائی بمباری کی ہے۔ العربیہ کی نامہ نگار کے مطابق شام میں یہ کارروائی لبنان کی فضائی حدود کو استعمال کرنے کے بعد کی گئی ہے۔
درایں اثنا شام میں انسانی حقوق آبزر ویٹری کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسرائیلی طیاروں نے دمشق اوراس کے اطراف میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا۔ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈےکے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
انسانی حقوق گروپ کے مطابق شام میں ایک ماہ کے توقف کےبعد فضائی کارروائی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ دمشق کے قریب الضمیر کے مقام پر واقع فضائی دفاع بریگیڈ، حمص کے مغربی علاقوں، حماۃ ، اللاذقیہ اور کئی دوسرے مقامات پر بمباری کے دوران زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔
دوسری طرف اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے شام میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے لگام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ میں اسرائیلی فوج کی بار بار کی جانے والی فوجی کارروائیاں کھلی جارحیت ہے اور حماس اس جارحیت میں شامی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔