اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے سوڈان کی مذہبی سیاسی جماعت ‘امہ پارٹی’ کے سربراہ صادق المہدی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئےسوڈانی قوم اور سوگوارخاندان سے تعزیت کی ہے۔
خیال رہےکہ صادق المہدی گذشتہ جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ انہیں چند ہفتے قبل کرونا کا شکار ہونے کے بعد ایک خصوصی طیارے پر خرطوم سے ابوظبی لایا گیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے امہ پارٹی کے مرکزی رہ نما اور جماعت کے سیکرٹری جنرل عبدالمحمود سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور ان سے صادق المہدی کی وفات پر تعزیت کی۔ اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ صادق المہدی کا انتقال عالم اسلام کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ مرحوم پوری زندگی فلسطینی قوم کے حقوق کے حامی اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے کھلے مخالف رہے۔ فلسطینی قوم ان کی خدمات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے صادق المہدی کی فلسطینی قوم اور فلسطینی تحریک آزادی اور مزاحمت کی حمایت پرمبنی کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوںنے آخری سانس تک قابض صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف ہر فورم پرآواز بلند کی۔