اسرائیل کے ‘عوفر’ جیل میں عمر قید کی سزا کے تحت پابند سلاسل ایک فلسطینی موید الخطیب کرونا کا شکار ہوگیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق 20 سالہ موید الخطیب کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم سے ہے۔
کلب برائے اسیران کی رپورٹ کے مطابق اسیر خطیب کو نئے قیدیوں کی بیرک میں ڈال دیا گیا ہے۔ وہاںسے اسے ھداریم جیل میں قید تنہائی میں ڈالے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ اسی موید کے ایک بھائی دائود الخطیب گذشتہ برس دسمبر میں اسرائیلی جیل میں دوران حراست جام شہادت نوش کر چکے تھے۔
کلب برائے اسیران کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں کرونا کے قیدیوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرچکی ہے۔ ان میں زیادہ تر فلسطینی قیدی ‘جلبوع’ جیل میں ہیں۔ جلبوع جیل کی بیرک نمبر 3 میں کرونا کے فلسطینی مریضوں کو رکھا گیا ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی طرف سے اسرائیلی جیلوں کے حالات اور قیدیوں کو درپیش طبی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے بار بار مطالبہ کیا گیاہے کہوہ اسیران کو ہرممکن طبی سہولیات فراہم کرے اور کرونا سے بچائو کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ اس وقت مجموعی طور پر اسرائیلی جیلوں میں 132 فلسطینی اسیران کرونا کا شکار ہوچکے ہیں۔