اسلامی جہاد کےعسکری ونگ القدس بریگیڈ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ہماری قیادت کی شہادت سے ہمارے عزم اور حوصلے پست نہیں ہوں گے بلکہ شہادتوں سے ہمارے پائے استقامت اور استقلال میں اضافہ ہوگا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القدس بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مزاحمتی قیادت کی شہادتوں سے فلسطینی مجاھدین کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
بیان میں ایک سال قبل شہید ہونے والے کمانڈر بہا ابو العطا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
القدس بریگیڈ کے ترجمان ابو حمزہ کا کہنا تھا کہ بہا ابوالعطا نے کئی سال میدان جہاد میں دشمن کے خلاف کامیاب جدو جہد کی اور دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمانڈر ابو العطا کی شہادت صہیونی دشمن کی بزدلانہ کارروائی تھی جس کا مقصد فلسطینی مزاحمت کاروں کو کمزور کرنا تھا۔
خیال رہے کہ کمانڈر ابو العطا کو اسرائیلی فوج نے 12 نومبر 2019ء کو غزہ کی پٹی کے علاقے الشجاعیہ میں ان کے گھر پر بمباری کرکے ان کی اہلیہ سمیت شہید کر دیا تھا۔