نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و ڈائریکٹر امور خارجہ عبد الغفار عزیز کے انتقال پر عالم اسلام کی نامور شخصیت اور عالمی اتحاد علمائے مسلمین کے صدر علامہ یوسف القرضاوی، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علی قرہ داغی ،اخوان المسلمون کے رہنما شیخ محمد مختار شنقیطی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔
ان رہنماؤں نے اپنے بیان میں عبدالغفار عزیز کی رحلت کو عالم اسلام کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے جبکہ ہیئۃ علما المسلمین عراق نے بھی اپنے تعزیتی بیان میں اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ادھر اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے پولٹ بیورو کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم فلسطین اسماعیل ھنیہ نے بھی عبدالغفار عزیز کے انتقال پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے حق اپنے خط میں حماس کے رہنما نے عبدالغفار عزیز کی رحلت کو فلسطین کاز سمیت اسلامی دنیا کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔ انھوں نے جماعت کے کارکنوں اور مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا۔
تیونس کے قومی اسمبلی کے سپیکر اور تحریک نہضہ کے صدر شیخ راشد الغنوشی نےامیر جماعت اسلامی پاکستان جناب سراج الحق کو فون کرکے عبد الغفار عزیز کی وفات پر تعزیت کی۔ انہوں نے عبد الغفار عزیز کی رحلت کو عالمی اسلامی تحریکوں کے لئے سخت نقصان قرار دیا ۔