اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کویت کے نو منتخب امیر الشیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کوٹیلیفون پر سابق امیر صباح الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے ٹیلیفون پر سابق امیر کویت الشیخ صباح الاحمد جابر الصباح کی رحلت پر نئے امیر کویت سے تعزیت کی اور کویتی قوم ، حکومت اور شاہی خاندان کےساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امیر کویت کا انتقال نہ صرف کویتی قوم بلکہ فلسطینی قوم کے لیے بھی صدمے کا باعث ہے۔
دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک بات چیت میں فلسطین کی تازہ صورت حال اور مسلم امہ کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔
دوسری جانب نئے امیر کویت الشیخ نواف الصباح نے کہا کہ ان کی حکومت وفات پانے والے امیر کی میراث اور ان کے وضع کردہ اصولوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کویت کی نئی حکومت فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔
خیال رہے کہ کویت کے امیر الشیخ صباح جابر الصباح گذشتہ منگل کی شام کو امریکا میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور گذشتہ جولائی سے امریکا میں علاج کی غرض سے موجود تھے۔
ان کی وفات کے بعد کویتی مجلس امہ نے ولی عہد الیشخ نواف بن جابر الصباح کو ریاست کا نیا امیر مقرر کیا ہے۔