تحریک فتح نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کی طرف سے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کے سازشی پروگرام کے خلاف قومی وحدت کے مطالبے کا خیر مقدم کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل جبریل الرجوب نے ایک بیان میں کہا کہ تحریک فتح کی قیادت کے دروازے قومی وحدت کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ تحریک فتح حماس کی قیادت کی طرف سے قومی وحدت کی اپیل کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی علاقوں پر قبضے کے منصوبے، امریکا کے صدی کی ڈیل پروگرام اور دیگر اسرائیلی جرائم کی روک تھام کے لیے فلسطینیوں کے پاس مقابلہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
تحریک فتح کے رہ نما کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اس وقت فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکی ہے اور قضیہ فلسطین تاریخ کے نازک ترین دور سے گذر رہا ہے۔ ایسے میں فلسطینی قوم کو امریکا اور صہیونیوں کے خلاف اپنی صفوں میں اتحاد کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ہی قومی اہداف اور فلسطینی قوم کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔