جرمنی نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کی طرف سے منظور کردہ 35 سو گھروں کی تعمیر کے اعلان پرعمل درآمد روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برلن کو مشرقی بیت المقدس میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیوں پر شدید تشویش ہے۔ اسرائیل کا مشرقی بیت المقدس میں ‘سیکٹر ای ون’ میں یہودی بستیوں میں توسیع کا اعلان بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں سیکٹر ای ون میں یہودی آباد کاری کے نتیجے میں غرب اردن اور القدس ایک دوسرے سے کٹ کررہ جائیں گے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتین یاھو نے مشرقی بیت المقدس میں 3500 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے اور ساتھ ہی اس منصوبے پر جلد از جلد عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔