اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کہا ہے کہ ایران آمد کا مقصد شہید جنرل قاسم سلیمانی کے ساتھ وفائے عہد اور ان کی فلسطین کےلیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
المیادین ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہاکہ شہید سلیمانی نے فلسطینی مزاحمت کے لیے تزویراتی محور اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرکے فلسطینی مزاحمت کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی مگر سلیمانی کو شہید کرنے کے مذموم مقاصد اور عزائم کسی صورت میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت امریکا کی ننگی جارحیت اور امریکی انتظامیہ کی مجرمانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔ اس سنگین جرم کے ذریعے صہیونی دشمن کی اندرون اور بیرون ملک جرائم کی پردہ پوشی کی بدترین کوشش کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرکے امریکا خطے کے وسائل پرقبضہ کرنا اور مزاحمت کے نہج کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔
خیال رہے کہ ایران کے دورے کے دوران اسماعیل ھنیہ نے جماعت کی قیادت کے ہمراہ شہید قاسم سلیمانی کے اہل خانہ سےان کے گھر جا کر تعزیت کی۔