اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کو ٹیلیفون کرکے پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکا کے قاتلانہ حملے میں شہادت پر تعزیت کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ٹیلیفون پربات کرتے ہوئے شہید قاسم سلیمانی کی مزاحمتی قوتوں کی معاونت کے لیے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ شہید سلیمانی پوری زندگی فلسطینی قوم اور مزاحمتی قوتوں کے پشتیبان تھے۔ حماس اور پوری فلسطینی قوم ان کی شہادت کو بہت بڑا نقصان سمجھتی ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ھنیہ کو یقین دلایا کہ ایران قاسم سلیمانی کا مشن جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی قوم اور مزاحمتی قوتوں کی مدد جاری رکھے گا تاکہ وہ اپنے ملک اور مقدسات کا دفاع کرسکیں۔
خیال رہے کہ پاسداران انقلاب کے کمانڈرجنرل قاسم سلیمانی کو امریکی فوج نے گذشتہ جمعہ کو عراق میں ایک فضائی حملے میں شہید کردیا تھا۔