فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں العیسویہ کے مقام پر اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران سات فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق منگل کے روز قابض فوج کی بڑی تعداد نے شمال مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔ اس دوران گھروں میں موجود سات فلسطینی نوجوانوں کوگرفتار کرکے صلاح الدین روڈ پر واقع ایک حراستی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔
حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی شناخت موید بدر، عیسیٰ درباس، احمد محمد درباس، ولید علیان، دو حقیقی بھائی مجد اور رشید درویش اور محمد رباح علیان کےناموں سے کی گئی ہے۔
قابض فوج نے 15 سالہ منتصر ناصر سبتہ کو عیسویہ میں شاہراہ محمد عبید پر واقع اس کے گھر سے چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔