اسرائیلی اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور ان کے حریف بینی گینٹز نے شراکت اقتدار کے فارمولے کو قبول کرتے ہوئے مل کر حکومت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیلی اخبار’اسرائیل ٹوڈے’ کیی رپورٹ کے مطابق یلو وائٹ اتحاد اور لیکوڈ پارٹی کی کی قیادت نے شراکت اقتدار کے فارمولے پر دستخط کردیے ہیں اور دونوں رہ نمائوں نے مل کر حکومت کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں نے عرب ارکان کنیسٹ کو شامل نہ کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل نیتن یاھو کی طرف سے حریف لیڈر بینی گینٹز پر عرب ارکان کو ساتھ ملا کر بائیں بازو کی حکومت تشکیل دینے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق غزہ کی پٹی میں ایک فضائی آپریشن میں اسلامی جہاد کے کمانڈر بہا ابو العطا کی شہادت اور فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے راکٹ حملوں نے اسرائیلی سیاست پر اثرات مرتب کیے ہیں جس کے بعد دونوں بڑی جماعتوں نے مل کر حکومت کرنے سے اتفاق کیا ہے۔
دونوں بڑی جماعتوں کے سربراہ باری باری وزارت عظمیٰ کا منصب سنھبالیں گے۔ پہلی مدت میں موجودہ وزیراعظم نیتن یاھو کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سونپا جائے گا جب کہ دوسری مدت میں بینی گینٹز کو اسرائیل کا وزیراعظم مقرر کیا جائے گا۔