بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے جون پور میں دوستوں کی شرط پر 41 انڈے کھانے والا شخص جان سے گیا۔ اطلاعات کے مطابق 42 سالہ شخص نے اپنے دوست کے ساتھ 50 انڈے کھانے کی شرط لگائی مگر جب اس نے 41 انڈے کھا لیے تو وہ اچانک بے ہوش ہوکر گر پڑا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہارگیا۔
بتایا گیا ہے کہ 42 سالہ سبھاش یادو نے اپنے دوستوں سے 2 ہزار روپے کی خاطر 50 انڈے کھانے کی شرط لگائی مگر 41 واں انڈہ کھانے سے ہی اس کا دم نکل گیا ۔
ڈاکٹروں نے اس کی موت کی وجہ بسیار خوری بتائی ہے۔ شرط لگانے والے دوسرے شخص نے کہا تھا کہ اگر وہ 50 انڈے کھا لے تو وہ اسے 28 امریکی ڈالر کے برابر رقوم دے گا۔ اس نے 28 ڈالر جیتنے کے لیے زندگی کی بازی ہار دی۔ بھارتی کرنسی میں 28 ڈالر دو ہزار بھارتی روپے سے زیادہ نہیں۔